لاہور،کراچی، اسلام آباد:مون سون بارشوں کا دوسرا اسپیل آج سے پنجاب میں داخل ہونے جا رہا ہے، جس کے باعث صوبے کے مختلف علاقوں میں موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، مری، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، چکوال، میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین سمیت متعدد علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
بارشوں کا سلسلہ پنجاب کے علاوہ بلوچستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں کو بھی متاثر کرے گا، جہاں بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ شہریوں کو موسم کی صورتحال کے مطابق احتیاطی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔