لاہور: صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے مختلف بس اڈوں کا ہنگامی دورہ کیا اور مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت جاری کر دیں۔صوبائی وزیر نے دورے کے دوران بسوں میں سوار مسافروں سے خود ملاقات کی اور ان سے وصول کیے جانے والے کرایوں کے بارے میں استفسار کیا۔ مسافروں کی جانب سے زائد کرایوں کی شکایات موصول ہونے پر بلال اکبر خان نے موقع پر ہی ایکشن لیا اور متعلقہ ٹرانسپورٹرز کو وارننگ دیتے ہوئے اضافی رقم کی واپسی اور جرمانوں کے احکامات دیے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کا کہنا تھا کہ کسی بھی صورت میں مسافروں سے مقررہ حد سے زائد کرایہ وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی، جس میں بسوں کو بند کرنا اور بھاری جرمانے شامل ہیں۔
حکومت پنجاب کا مقصد عوام کو سستی اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے، اور اس مقصد کے لیے مانیٹرنگ کا عمل مسلسل جاری رہے گا۔وزیر ٹرانسپورٹ نے انتظامیہ کو بھی ہدایات جاری کیں کہ وہ اڈوں پر کرایہ ناموں کی موجودگی اور ان پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔