پاکستان مزید دھرنوں اور احتجاج کا متحمل نہیں ہو سکتا، ملک کا امیج خراب کرنے والوں سے سختی سے نمٹیں گے: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان

پاکستان مزید دھرنوں اور احتجاج کا متحمل نہیں ہو سکتا، ملک کا امیج خراب کرنے والوں سے سختی سے نمٹیں گے: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان

مریدکے: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی مریدکے آمد پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور مقامی عوام کی جانب سے ان کا بھرپور استقبال کیا گیا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ اتحادی جماعتیں ہیں اور ملک کی ترقی کے لیے ایک پیج پر ہیں۔ ملک اس وقت معاشی بہتری اور ترقی کی طرف گامزن ہے، اور پاکستان اب کسی قسم کے احتجاج اور دھرنوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر دھرنوں کے ذریعے پاکستان کا بین الاقوامی امیج خراب کرنے کی کوشش کی گئی تو ایسے عناصر کو آڑے ہاتھوں لیا جائے گا، لہٰذا احتجاج کی سیاست کرنے والے سوچ سمجھ کر قدم اٹھائیں۔

سردار سلیم حیدر خان نے نوجوان نسل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوان ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں اور ہم ہر مشکل گھڑی میں اپنی افواج اور وطن کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی غریب عوام کی نمائندہ جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوامی خدمت کی ہے، اس لیے عوام آئندہ انتخابات میں اپنا ووٹ صرف چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو دیں۔

ٹیگز: