لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ایک تاریخی رولنگ دیتے ہوئے ایگزیکٹو آرڈر کے تحت جاری کردہ زرعی ٹیکس کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام پر ٹیکس لگانے کا اختیار صرف اور صرف منتخب ایوان کے پاس ہے، جسے کوئی بیوروکریٹ یا سرکاری افسر غصب نہیں کر سکتا۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران سپیکر ملک محمد احمد خان نے اپنی خصوصی رولنگ پڑھ کر سنائی۔ انہوں نے کہا آئین کے تحت ٹیکس لگانے کا اختیار صرف اسمبلی کے پاس ہے۔ کوئی بھی ایگزیکٹو اتھارٹی یا سرکاری افسر اپنی مرضی سے کسی قسم کا ٹیکس نافذ کرنے کا اختیار نہیں رکھتا۔ اس طرح کے نوٹیفکیشن جاری کرنا پنجاب اسمبلی کے استحقاق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
سپیکر نے اس معاملے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب اسمبلی کی لا کمیٹی کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اس غیر قانونی نوٹیفکیشن کے محرکات اور قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے کر 15 روز کے اندر اپنی تفصیلی رپورٹ ایوان میں پیش کرے۔
سپیکر کی جانب سے رولنگ سنائے جانے کے بعد ایوان میں موجود اراکینِ اسمبلی نے جوش و خروش کا اظہار کیا اور دیر تک ڈیسک بجا کر سپیکر کے فیصلے کی تائید کی۔ حکومتی رکن سمیع اللہ خان نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کے فیصلے سے جمہوریت مضبوط ہوئی ہے اور پورا ایوان سپیکر کی اس رولنگ کے ساتھ کھڑا ہے۔