محکمہ تعلیم کا بڑا فیصلہ: کلاس رومز اور لیبز کی روزانہ تلاشی کے بغیر عملہ سکول نہیں چھوڑ سکے گا

 محکمہ تعلیم کا بڑا فیصلہ: کلاس رومز اور لیبز کی روزانہ تلاشی کے بغیر عملہ سکول نہیں چھوڑ سکے گا

لاہور: محکمہ تعلیم نے سکولوں میں زیرِ تعلیم طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے چھٹی کے وقت سکیورٹی چیکنگ کے حوالے سے نئے اور سخت احکامات جاری کر دیے ہیں۔
نئی ہدایات کے مطابق تمام سکولوں کی انتظامیہ پابند ہو گی کہ وہ چھٹی کے وقت ہر کلاس روم، لیبارٹری اور واش روم کی مکمل تلاشی لے۔ اس تلاشی کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی طالب علم غلطی سے سکول کے اندر نہ رہ گیا ہو۔ محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئی بچہ سکول کے اندر بند پایا گیا تو متعلقہ انتظامیہ کے خلاف سخت قانونی و تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ہر سکول میں ایک استاد کو "سکیورٹی انچارج" یا "روانگی کا ذمہ دار" مقرر کیا جائے گا، جس کا کام تمام طلبہ کی بحفاظت واپسی کو مانیٹر کرنا ہوگا۔ متعلقہ سٹاف ممبر اس وقت تک سکول نہیں چھوڑ سکے گا جب تک وہ تمام کمروں اور گوشوں کی مکمل تصدیق نہ کر لے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے تمام تعلیمی اداروں کو حکم دیا ہے کہ ان نئے حفاظتی اقدامات پر فوری عملدرآمد شروع کیا جائے اور اس حوالے سے تصدیقی رپورٹ آئندہ 24 گھنٹے کے اندر جمع کرائی جائے۔ ان اقدامات کا مقصد سکولوں میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے سدِ باب کو یقینی بنانا ہے۔

ٹیگز: