اسلام آباد:ملک کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے، جہاں فضا آج بھی انتہائی مضرِ صحت ریکارڈ کی گئی۔ عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق کچھ دیر قبل پشاور 374 ایئر پارٹیکیولیٹ میٹر کے ساتھ ملک کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر رہا۔
رپورٹ کے مطابق فیصل آباد 435 اے کیو آئی کے ساتھ ملک کا دوسرا آلودہ ترین شہر قرار پایا، جبکہ لاہور میں فضائی آلودگی کا انڈیکس 287 ریکارڈ کیا گیا، جو صحت کے لیے نقصان دہ سطح پر ہے۔
ماہرینِ ماحولیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، خاص طور پر بچے، بزرگ اور سانس کے مریض احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ شہریوں کو ماسک کے استعمال اور کھلی فضا میں ورزش سے پرہیز کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔