اسلام آباد:محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آج سے بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق لاہور میں 21 اور 22 دسمبر کو بارش کا امکان ہے، جبکہ کراچی میں ہلکی بوندا باندی متوقع ہے۔ ادھر کوئٹہ، گوادر اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے۔ عالمی ماحولیاتی اعداد و شمار کے مطابق پشاور 374 ایئر پارٹیکیولیٹ میٹر کے ساتھ آج بھی ملک کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر رہا۔
ماہرین کے مطابق بارش کے باعث بعض علاقوں میں اسموگ کی شدت میں کمی کا امکان ہے، تاہم شہریوں کو تاحال احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، خاص طور پر غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔