لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کی خاطر قربانیاں دی ہیں اور ہم نے اپنے عہدوں اور ووٹوں کی بھی پرواہ نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی آئندہ اقتدار کی جماعت بن کر سامنے آئے گی اور ملک کو درپیش موجودہ مسائل سے نکالنے کی اہلیت صرف پیپلزپارٹی کے پاس ہے۔
گورنر پنجاب نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ آج پیپلزپارٹی کا حصہ بن رہے ہیں، ان کا مستقبل روشن ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ چند روز میں مزید نامور سیاسی شخصیات پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کریں گی۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ یہ وقت پیپلزپارٹی میں شمولیت کا ہے اور پارٹی عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کئی مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ پاکستان کے اگلے وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہوں گے۔