آئی جی پنجاب کا صوبہ بھر میں سکیورٹی 'ہائی الرٹ' کرنے کا حکم: چاند رات، عید اور یومِ پاکستان کے لیے خصوصی پلان تیار

آئی جی پنجاب کا صوبہ بھر میں سکیورٹی 'ہائی الرٹ' کرنے کا حکم: چاند رات، عید اور یومِ پاکستان کے لیے خصوصی پلان تیار

لاہور: انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) پنجاب، عبدالکریم کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چاند رات، عیدالفطر اور یومِ پاکستان کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، تمام آر پی اوز اور ضلعی سربراہان نے اپنے اپنے علاقوں کے سکیورٹی پلانز پر بریفنگ دی۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی کہ چاند رات، عیدالفطر اور یومِ پاکستان کے موقع پر سکیورٹی کو انتہائی سخت رکھا جائے۔ انہوں نے سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشاورت سے سکیورٹی آرڈر کو ازسرِ نو تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے۔
اجلاس کے دوران درج ذیل اہم نکات پر زور دیا گیا۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عمارات، اہلکاروں، اقلیتوں اور خاص طور پر غیر ملکی و چینی باشندوں کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔مغربی سرحدی صورتحال کے پیشِ نظر 'فتنہ الخوارج' اور 'فتنہ الہندوستان' سمیت تمام شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بین الصوبائی سرحدی چوکیوں پر تعینات اہلکاروں کو 'ہائی الرٹ' رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں  مارکیٹوں اور تفریحی مقامات پر خواتین کو بھرپور تحفظ فراہم کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔ عید کی تعطیلات کے دوران پارکس، مری اور گلیات جیسے تفریحی مقامات پر اضافی نفری تعینات ہوگی تاکہ شہریوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
    آئی جی پنجاب  نے کہاکہ امن و امان کے قیام میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

ٹیگز: