لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی محکموں کی کارکردگی کا 6 گھنٹے طویل جائزہ اجلاس ہوا، جس میں پہلی بار پنجاب کی تاریخ میں 120 ارب روپے کی بڑی بچت کا سنگِ میل عبور کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس میں گورننس، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب حکومت نے ترقی کے نئے دور کا آغاز کرتے ہوئے تھل ایکسپریس وے منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو صوبے میں ترقی کے مزید مواقع فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ 20 ہزار روڈ پراجیکٹس کے ذریعے 50 ہزار افراد کو باعزت روزگار فراہم ہوگا۔
پنجاب میں خصوصی پلاسٹک سیوریج لائن کا 100 سال تک کارآمد رہنے والا تاریخی منصوبہ شروع کیا جارہا ہے، جب کہ پہلے فیز کے 440 ماڈل ویلیجز دسمبر 2026 تک مکمل کرنے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ صوبے میں پہلی بار اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت 1 لاکھ 15 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر شروع ہوچکی ہے۔ سال کے آخر تک پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے تمام شہروں میں واسا مراکز قائم ہوں گے، جب کہ ہسپتالوں، تھانوں اور اسکولوں میں 4500 نئے واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کیے جائیں گے۔
اجلاس میں شہری سہولیات کو ایک نظام کے تحت لانے کے لیے واسا، پی ایچ اے اور دیگر سروسز کے لیے مشترکہ ہیلپ لائن قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ علاوہ ازیں 19 اضلاع کے 21 شہروں میں "اپنی زمین، اپنا گھر" کی پہلی قرعہ اندازی جلد کرانے کی ہدایت کی گئی۔
صوبے میں ہر نئے پٹرول پمپ اور سروس ایریا پر الیکٹرک وہیکل چارجنگ انفراسٹرکچر لازمی قرار دے دیا گیا۔
دوسری جانب امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کے ممبران تھامس آر سوزی اور جیک برگ مین نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو خط لکھ کر صوبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ویژن کی تعریف کی ہے۔