ملک بھر میں طویل انتظار کے بعد بارشوں کا آغاز، سردی کی شدت میں اضافہ، بالائی علاقوں میں پہلی برفباری

ملک بھر میں طویل انتظار کے بعد بارشوں کا آغاز، سردی کی شدت میں اضافہ، بالائی علاقوں میں پہلی برفباری

لاہور:ملک بھر میں طویل انتظار کے بعد بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، جس کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسلام آباد، کوئٹہ، چمن، پشاور، لوئر دیر، پنڈ دادن خان، سرگودھا، لیہ، نصیر آباد اور میرپور آزاد کشمیر میں بادل خوب برس پڑے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں واضح کمی دیکھنے میں آئی۔ سکردو میں پارہ منفی ایک ڈگری، قلات میں صفر، گلگت میں ایک جبکہ استور، چترال اور دیر میں تین ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ مری اور ایبٹ آباد میں درجہ حرارت چار ڈگری تک گر گیا۔

ہنزہ اور سیدو شریف میں درجہ حرارت پانچ، اسلام آباد اور مالم جبہ میں چھ، چکوال میں سات جبکہ اٹک، جہلم، ساہیوال، کوئٹہ اور سبی میں آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور اور پشاور میں درجہ حرارت نو جبکہ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت سولہ ڈگری رہا۔

ادھر گلگت، مظفر آباد اور چمن کے پہاڑی علاقوں میں موسمِ سرما کی پہلی برفباری ہوئی، جس سے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔ بارش اور برفباری کے بعد سرد موسم نے باقاعدہ طور پر دستک دے دی ہے۔

ٹیگز: