جھنگ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جھنگ میں کیتھ لیب کے قیام کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس سے دل کے مریضوں کو فوری اور آسان علاج میسر ہوگا۔ پنجاب میں اب تک 16 کیتھ لیب فعال ہو چکی ہیں اور جہلم میں بھی جلد نئی لیب کام شروع کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ مری میں کارڈیک ہسپتال پہلے ہی فعال ہے جبکہ نواز شریف کینسر ہسپتال تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ حکومت عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے پر توجہ دے رہی ہے، جس میں مفت ادویات، اعضا کی پیوندکاری اور آن وہیلز کلینک شامل ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ جھنگ میں میگا ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، الیکٹرک بسیں عوام کے لیے چل رہی ہیں، اور ضلع بہت جلد ترقی یافتہ اضلاع میں شامل ہو گا۔ انہوں نے انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ لا اینڈ آرڈر کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور عوام کو یقین دلانا ضروری ہے کہ ان کا خیال رکھا جا رہا ہے۔