لاہور: پنجاب میں مون سون بارشوں کا چوتھا سپیل آج سے شروع ہو رہا ہے، جس کے باعث لاہور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق یہ بارشیں 25 جولائی تک جاری رہیں گی اور گزشتہ بارشوں کے مقابلے میں زیادہ شدید ہوں گی۔
پی ڈی ایم اے نے مری، راولپنڈی، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔ جنوبی پنجاب کے علاقوں ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر اور ملتان میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے دریاؤں کے بالائی علاقوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے اور سیلاب کے خطرات کے پیش نظر سخت الرٹ جاری کیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے دریائے راوی، جہلم، ستلج اور چناب میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے جبکہ دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب جاری ہے۔
حکومت پنجاب نے ضلعی انتظامیہ کو دفعہ 144 پر سختی سے عمل درآمد کرنے، نشیبی علاقوں کی فوری نکاسی آب یقینی بنانے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، سیلابی علاقوں سے دور رہیں اور حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔