لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے امتِ مسلمہ اور اہل پاکستان کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے خطے کی حساس صورتحال کے پیشِ نظر عید سادگی سے منانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عید اصل میں دوسروں کے احساس اور محروم طبقے کو خوشیوں میں شامل کرنے کا نام ہے۔
وزیراعلیٰ نے حکومت پنجاب کے انقلابی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے کے 40 لاکھ خاندانوں اور تقریباً 2 کروڑ افراد کو ان کی دہلیز پر امدادی رقوم پہنچائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ ”مریم کو بتائیں“ پورٹل کے ذریعے شفاف طریقے سے ضرورت مندوں کی نشاندہی کی گئی اور انہیں 10،10 ہزار روپے فوری طور پر جاز کیش کے ذریعے منتقل کیے گئے، تاکہ کوئی بھی سفید پوش خاندان عید کی خوشیوں سے محروم نہ رہے۔
مریم نواز نے اپنے پیغام میں جذباتی انداز اپناتے ہوئے کہا کہ "یہ کیسی عید ہوگی کہ ہمارے قریب کوئی بھوکا رہ جائے یا کوئی ننھی بیٹی نئے کپڑوں اور چوڑیوں سے محروم ہو؟" انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے اردگرد موجود غریب اور نادار خاندانوں کا خیال رکھنا ہماری دینی، اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کا احساس ہی دراصل عید کی حقیقی خوشی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وسائل سے محروم افراد کو شاملِ خوشی کرنا اللہ کریم کے شکر کا تقاضا ہے۔ انہوں نے پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے عافیت اور پائیدار خوشیوں کی دعا کی۔