لاہور: پنجاب کی صوبائی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف کے دورہِ آذربائیجان نے پنجاب کے لیے ترقی کے نئے راستے کھول دیے ہیں جہاں حکومت کے تاریخی اور عوامی منصوبوں کو عالمی سطح پر بے حد سراہا گیا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن پر وار کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی بین الاقوامی پذیرائی سے خائف عناصر بلاجواز تنقید کر رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کے دوران سیاسی حریفوں کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا، "عالمی برادری صرف ان رہنماؤں کو بلاتی ہے جن کے پاس عوام کی ترقی کا وژن ہوتا ہے۔ جنہوں نے ساڑھے چار سال میں کچھ کیا ہی نہیں، انہیں دنیا کیوں بلائے گی؟ کیا کسی کو یہ دیکھنے کے لیے بلایا جاتا ہے کہ آپ نے بنی گالہ اور اڈیالہ کے کتنے چکر لگائے ہیں؟"
انہوں نے پنجاب حکومت کے جاری فلاحی منصوبوں کی رفتار سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 'اپنی چھت اپنا گھر' اسکیم کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے اور اس کے تحت ایک لاکھ گھر زیرِ تعمیر ہیں۔ عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ حکومت دیہی علاقوں کی تقدیر بدلنے جا رہی ہے اور صوبے کی تاریخ میں پہلی بار 2 ہزار سے زائد دیہات کو 'ماڈل ولیج' کا درجہ دے کر وہاں شہروں جیسی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔