سیاسی مداخلت صفر اور بجٹ پورا، اب نتائج چاہئیں: وزیرِاعلیٰ پنجاب کا پولیس حکام پر شدید برہمی کا اظہار

 سیاسی مداخلت صفر اور بجٹ پورا، اب نتائج چاہئیں: وزیرِاعلیٰ پنجاب کا پولیس حکام پر شدید برہمی کا اظہار

لاہور: وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں جرائم کی شرح میں اچانک اضافے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کے اعلیٰ افسران کی سرزنش کر دی۔ ویڈیو لنک کے ذریعے آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ امن و امان کی صورتحال پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیرِاعلیٰ نے اجلاس کے دوران باقاعدہ کرائم ویڈیوز دکھا کر پولیس کارکردگی کا پول کھولا اور خاص طور پر درج ذیل نکات پر افسران کو آڑے ہاتھوں لیا۔ شیخوپورہ، فیصل آباد اور گجرات میں جرائم کنٹرول نہ ہونے پر متعلقہ افسران پر اظہار برہمی کیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ سیف سٹی جیسے جدید ترین سسٹم کی موجودگی کے باوجود جرائم کا تسلسل کیوں برقرار ہے؟۔ قتل، ڈکیتی، اغوا اور گمشدگی جیسے واقعات کے بڑھتے ہوئے گراف کو ناقابلِ برداشت قرار دیا۔
مریم نواز نے پولیس فورس کو یاد دلایا کہ حکومت نے اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے، اب گیند پولیس کے کورٹ میں ہے۔  انہوں نے کہا کہ سو فیصد میرٹ کی خاطر انہوں نے اپنوں اور پرایوں سب کی ناراضی مول لی ہے۔ پولیس کو مکمل آزادانہ ماحول فراہم کیا گیا ہے اور سیاسی مداخلت کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔محکمے کو ان کی خواہش کے مطابق "من چاہا بجٹ" فراہم کیا گیا ہے تاکہ وسائل کی کمی آڑے نہ آئے۔
وزیرِاعلیٰ نے دو ٹوک الفاظ میں تنبیہ کی کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ  "اگر تمام تر وسائل اور آزادی کے باوجود ڈیلیور نہیں کیا جاتا، تو ذمہ دار افسران کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔ مجھے اب کاغذی کارروائی نہیں، زمین پر امن و امان نظر آنا چاہیے۔

ٹیگز: