لاہور: چیئرمین سپیریئر گروپ پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کو اگر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ نہ صرف کامیاب ہوسکتے ہیں بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ نوجوانوں کو روزگار دینے والے افراد اور ادارے ملک کے مستقبل کی تعمیر میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
’سی پاکستان 2026‘ سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے کہا کہ نوجوانوں کو کامیابی کے لیے اچھے رول ماڈلز کی ضرورت ہے اور حضرت محمد ﷺ سے بڑھ کر کوئی ہمارا رول ماڈل نہیں۔ نوجوان ایمانداری، صبر اور محنت کو اپنا شعار بنا کر زندگی میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں انگلینڈ، امریکا اور چین کی طرف دیکھنا چھوڑ کر اپنی صلاحیتوں اور وسائل پر اعتماد کرنا ہوگا۔ پاکستان کے نوجوان کسی سے کم نہیں، انہیں صرف درست سمت، رہنمائی اور مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
چیئرمین سپیریئر گروپ کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی کے لیے سب کو مل کر ’سپیریئر اکنامک پاکستان‘ کی بنیاد رکھنی ہے۔ مضبوط معیشت کے لیے نوجوانوں کو کاروبار اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور ان کے نئے آئیڈیاز کی حوصلہ افزائی کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’سی پاکستان 2026‘ میں ملک بھر سے بہترین پروجیکٹس منتخب کیے گئے ہیں۔ ایسے پلیٹ فارمز نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے، ان کے کاروباری منصوبوں کو فروغ دینے اور انہیں قومی معیشت میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔