مریم نواز نے پاکستان کی پہلی گرین پولیسنگ الیکٹرک گاڑی کا افتتاح کر دیا

مریم نواز نے پاکستان کی پہلی گرین پولیسنگ الیکٹرک گاڑی کا افتتاح کر دیا

لاہور:لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کی تاریخ کے پہلے گرین پولیسنگ یونٹ کا افتتاح کر دیا، جس کے تحت پیٹرولنگ کے لیے پہلی مرتبہ الیکٹرک گاڑی متعارف کرائی گئی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پنجاب میں ماحول دوست الیکٹرک وہیکل کے ذریعے پیٹرولنگ کے فرائض انجام دیے جائیں گے۔

افتتاح کے موقع پر وزیراعلیٰ نے الیکٹرک گاڑی کا معائنہ کیا اور خود ڈرائیو بھی کی۔ انہیں گرین پولیسنگ یونٹ اور الیکٹرک گاڑی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ جدید ترین بی وائی ڈی الیکٹرک گاڑی فی چارج تقریباً 410 کلومیٹر کی رینج رکھتی ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ الیکٹرک گاڑی تقریباً 30 منٹ میں 30 سے 80 فیصد تک تیزی سے چارج ہو جاتی ہے اور اس میں سرویلنس کے لیے جدید پی اے سسٹم، پولیس لائٹس، 360 ڈگری کیمرہ اور اسپیڈ ڈیٹیکشن آلات نصب ہیں۔ پیٹرولنگ پر مامور 103 گاڑیاں ماہانہ تقریباً 28 ہزار لیٹر ایندھن استعمال کرتی ہیں، جس پر 7.42 ملین روپے خرچ ہوتے ہیں، جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے سالانہ فی گاڑی تقریباً 4 ہزار 500 لیٹر ایندھن کی بچت ممکن ہوگی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت دی کہ الیکٹرک گاڑیوں کی تعداد بتدریج بڑھائی جائے اور گرین پولیسنگ یونٹ کو مرحلہ وار دیگر اضلاع میں بھی متعارف کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف ایندھن کے اخراجات میں کمی اور زیرو کاربن اخراج کو یقینی بنائے گا بلکہ صاف ستھری فضا اور گڈ گورننس کے وژن کی عکاسی بھی کرے گا۔

ٹیگز: