لاہور: محکمہ ماحولیات پنجاب کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق لاہور فضائی آلودگی میں دنیا کے دوسرے سب سے زیادہ آلودہ شہروں میں شامل ہے، جبکہ صوبے کے دیگر بڑے شہر بھی سنگین فضائی معیار کا سامنا کر رہے ہیں۔
لاہور میں ایئر پارٹیکولیٹ میٹرز کی سطح 414 ریکارڈ کی گئی، خانیوال میں 412، فیصل آباد میں 354 اور ملتان میں 342 ریکارڈ کی گئی۔ ورلڈ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور کا اے کیو آئی 330 ہے، جبکہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی 450 کے ساتھ عالمی طور پر سب سے آلودہ شہر ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ فضائی آلودگی سانس کی بیماریوں، دل کی بیماریاں اور دیگر صحت کے خطرات میں اضافہ کر سکتی ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ باہر نکلتے وقت ماسک پہنیں اور فضائی آلودگی کے اعداد و شمار پر نظر رکھیں۔