لاہور: لاہور کے علاقے لٹن روڈ پر واقع ایک معروف فوڈ چین میں ہونے والی ڈکیتی کی واردات کا معمہ حل ہو گیا۔ پولیس کے آپریشنز ونگ نے انتھک محنت کے بعد واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے لاکھوں روپے برآمد کر لیے ہیں۔گزشتہ دنوں لٹن روڈ پر فوڈ چین میں ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی تھی، جس میں ملزمان کو باآسانی شناخت کیا جا سکتا تھا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ملزمان گرفتاری کے خوف سے لاہور سے فرار ہو کر اپنے اپنے آبائی علاقوں میں روپوش ہو گئے تھے۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور انسانی ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے ملزمان کا تعاقب کیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق مختلف اضلاع سے ہے، جو لاہور میں وارداتیں کر کے روپوش ہو جاتے تھے۔ملزمان کا تعلق ساہیوال اور نارووال سمیت دیگر اضلاع سے ہے۔ملزمان کے قبضے سے مختلف وارداتوں میں لوٹی گئی 12 لاکھ روپے کی خطیر رقم بھی برآمد کر لی گئی ہے۔