لاہور : جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کا ساتواں اہم اجلاس علامہ اقبال میڈیکل کالج میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر فرقد عالمگیر نے مشترکہ طور پر کی۔
اجلاس میں سیکرٹری بورڈ عظمت محمود، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر طیبہ وسیم اور دیگر بورڈ ممبران نے شرکت کی، جس میں ہسپتال کی تعمیراتی پیش رفت اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی خطے کے عوام کو عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ترجیح ہے کہ صوبہ بھر میں امراضِ قلب کے مریضوں کو بہترین اور جدید علاج میسر ہو۔ انسٹی ٹیوٹ کو جلد از جلد مکمل فعال کر کے مریضوں کے لیے نئی سہولیات کا آغاز کر دیا جائے گا۔
چیئرمین بورڈ ڈاکٹر فرقد عالمگیر نے بتایا کہ 256 بستروں پر مشتمل یہ جدید ہسپتال بہت جلد انتظامیہ کے حوالے کر دیا جائے گا، جبکہ ادارے کی بہتری کے لیے تمام ممبران متحرک ہیں۔سیکرٹری عظمت محمود نے اس بات پر زور دیا کہ بورڈ کے تمام فیصلوں پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ ہسپتال کے لیے مختلف اسامیوں پر بھرتیوں کا عمل 100 فیصد میرٹ پر مکمل کیا جا رہا ہے۔