لاہور: صوبائی دارالحکومت کے علاقے ٹاؤن شپ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے رنگ جما دیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کے آمد پر جیالوں نے ان کا فقید المثال استقبال کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور پارٹی قیادت کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ملک کا اگلا وزیراعظم بنانا ان کا اولین مشن ہے۔ انہوں نے کارکنوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ہی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (PTI) کے حوالے سے بات کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کو انتشار اور احتجاج کی سیاست چھوڑ کر ڈائیلاگ (مذاکرات) کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ ریلیف تب ہی ملے گا جب سیاسی تلخیاں کم ہوں گی اور میز پر بیٹھ کر بات کی جائے گی۔
ملکی دفاع پر بات کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر نے پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج افغانستان اور اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی تمام تر سازشوں کو ناکام بنا کر دم لے گی۔ دشمن کی جانب سے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔