لاہور: سٹی پولیس نے نوجوانوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے ون ویلرز اور ریسنگ کے شوقین عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 101 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ترجمان پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 101 افراد کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔
ون ویلنگ اور خطرناک کرتب دکھانے والوں کے خلاف مجموعی طور پر 78 مقدمات درج کیے گئے۔ متعدد موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لے کر تھانوں میں بند کر دی گئی ہیں۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ون ویلنگ اور ریسنگ میں ملوث عناصر کے خلاف جاری آپریشن میں مزید تیزی لانے کی سخت ہدایت جاری کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سڑکوں پر اودھم مچانے والے اور شہریوں کی جان خطرے میں ڈالنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ والدین اپنے بچوں پر نظر رکھیں تاکہ وہ اس جان لیوا کھیل کا حصہ نہ بنیں۔