لاہور: سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بارش، سازگار موسمی حالات اور مقامی آلودگی پر مؤثر کنٹرول کے باعث لاہور کا موجودہ ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 73 ریکارڈ کیا گیا ہے، جو شہر کے لیے بہتر ماحول کی علامت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آلودگی کے محرکات پر قابو پانے کے لیے مکمل ملٹی سیکٹورل انفورسمنٹ جاری ہے اور حکومت صورتحال پر لمحہ بہ لمحہ نظر رکھے ہوئے ہے۔ تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں اور بھٹے سفید اور صاف دھواں خارج کر رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام کے تعاون، سخت انفورسمنٹ، مسلسل مانیٹرنگ اور ملٹی سیکٹورل ایکشن پلان کے ذریعے کوشش ہے کہ پورے سال اے کیو آئی کو اس سطح پر برقرار رکھا جا سکے۔ سموگ کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال ہے اور جدید ڈرونز اور سی سی ٹی وی کی مدد سے کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ بھٹوں، صنعتی یونٹس اور گاڑیوں کے اخراج پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔