لاہور : گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے یومِ پاکستان کے تاریخی موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ ہم قیامِ پاکستان والے جذبے کو دوبارہ زندہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش معاشی اور داخلی چیلنجز کا مقابلہ صرف کامل اتحاد اور پختہ عزم سے ہی ممکن ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کو برصغیر کے مسلمانوں نے جس اتحاد کا مظاہرہ کیا تھا، آج ہمیں اسی اتحاد کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھی ملک چیلنجز سے مبرا نہیں ہوتا، لیکن قوموں کی زندگی میں ترقی کا راستہ صرف مستقل مزاجی اور حب الوطنی سے ہی کھلتا ہے۔
سلیم حیدر خان نے عوام پر زور دیا کہ وہ قائداعظم کے سنہری اصولوں "ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط" کو اپنی زندگیوں کا مشعلِ راہ بنائیں۔