قربانی کی آلائشیں گلیوں میں پھینکنے والوں پر 50 ہزار روپے جرمانہ؛ وزیراعلیٰ پنجاب کا سخت ترین ایکشن پلان

قربانی کی آلائشیں گلیوں میں پھینکنے والوں پر 50 ہزار روپے جرمانہ؛ وزیراعلیٰ پنجاب کا سخت ترین ایکشن پلان

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے عیدالاضحیٰ کے صفائی انتظامات کے حوالے سے ایک اہم ترین اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر کے لیے فول پروف صفائی پلان کی منظوری دیدی گئی ہے۔ نئے قانون کے مطابق عید کے دوران گلیوں، محلوں اور ممنوعہ مقامات پر قربانی کی باقیات یا آلائشیں پھینکنے پر 50 ہزار روپے کا بھاری جرمانہ کیا جائے گا۔

پنجاب حکومت نے اس ضابطے پر سختی سے عملدرآمد کروانے اور شہروں کی کڑی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی ویجی لینس سکواڈز قائم کر دیے ہیں، جو فیلڈ میں چوکنا رہیں گے۔ اس کے ساتھ ہی شہریوں کو صفائی مہم کا حصہ بنانے کے لیے صوبے بھر میں بڑے پیمانے پر ایک خصوصی آگاہی مہم بھی لانچ کی جا رہی ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ پر صفائی کے اس بڑے چیلنج سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو 'ون گورنمنٹ یونٹ' بن کر ایک ٹیم کی طرح کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ فیلڈ میں بہترین اور اعلیٰ صفائی برقرار رکھنے پر افسران کی حوصلہ افزائی اور انعام دیا جائے گا، جبکہ شہریوں کی جانب سے صفائی میں غفلت کی شکایات آنے پر فوری اور سخت سزا کا عمل شروع کیا جائے گا۔

ٹیگز: