لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں گورننس اور صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کے لیے مانیٹرنگ مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں انہوں نے ہدایت کی کہ ناقص کارکردگی دکھانے والے افسران اور ٹھیکیداروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
وزیراعلیٰ نے "ستھرا پنجاب" پروگرام میں غیر معیاری کام پر ادائیگیاں روکنے اور کنٹریکٹس دوبارہ الاٹ کرنے کا حکم دیا۔ خفیہ ٹیموں کے ذریعے مختلف اضلاع میں انتظامی کارکردگی کا سرپرائز جائزہ لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں شہروں میں ویسٹ انکلوژرز کی تعمیر، کوڑے دانوں کی صفائی اور پبلک مقامات کو بہتر حالت میں رکھنے کے لیے نئے اقدامات منظور کیے گئے۔ مریم نواز نے آوارہ کتوں کے حملوں، کھلے مین ہولز اور سرکاری اسپتالوں میں فری ادویات کی کمی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
تجاوزات کے خلاف 24/7 مانیٹرنگ سسٹم فعال کرنے اور سی سی ٹی وی کے ذریعے غیر قانونی قبضوں کی فوری نشاندہی کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ عوامی خدمت میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ضلعی سربراہوں کو بہتر نتائج ہر صورت یقینی بنانا ہوں گے۔