پنجاب میں جدید سکیورٹی نظام کا انقلاب: وزیراعلیٰ مریم نواز کا ’پیف ٹیک‘ اور اینٹی ڈرون یونٹ قائم کرنے کا اعلان

پنجاب میں جدید سکیورٹی نظام کا انقلاب: وزیراعلیٰ مریم نواز کا ’پیف ٹیک‘ اور اینٹی ڈرون یونٹ قائم کرنے کا اعلان

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بڑے اور انقلابی اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔ پنجاب ٹیکنالوجی کے ذریعے سیکیورٹی فراہم کرنے والا ملک کا پہلا صوبہ بن گیا ہے جہاں پہلی بار اینٹی ڈرون یونٹ اور مخصوص سائبر کرائم سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبائی انٹیلی جنس فیوژن اسیسمنٹ سینٹر (PIFAC) کا دورہ کیا جہاں انہیں نو تشکیل شدہ پنجاب پیف ٹیک (Punjab Pif-Tech) اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب کو محفوظ ترین صوبہ بنانا ان کا اولین مشن ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے مندرجہ ذیل اہم ترین اقدامات کی منظوری دی۔ پنجاب پاکستان کا پہلا صوبہ ہوگا جہاں ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے ہونے والی دہشت گردی یا سمگلنگ کو روکنے کے لیے جدید اینٹی ڈرون یونٹ کام کرے گا۔بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل جرائم، آن لائن فراڈ اور ہراساں کیے جانے کے واقعات کے تدارک کے لیے فوری طور پر صوبائی سائبر کرائم سیل قائم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ صوبے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر جدید ترین اسپیشل ڈیجیٹل اسکینرز لگائے جائیں گے تاکہ غیر قانونی نقل و حمل کو مکمل طور پر روکا جا سکے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے سیکیورٹی اداروں کو نئی گائیڈ لائنز دیتے ہوئے ہدایت کی کہ دہشت گردی کے خلاف "ری ایکشن" (واقعہ ہونے کے بعد کارروائی) کے بجائے "پیشگی کارروائی" (Pre-emptive Action) کی پالیسی اپنائی جائے۔ انہوں نے حکم دیا کہ شرپسند عناصر کے قلع قمع کے لیے صوبے بھر میں مسلسل کومبنگ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔
وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا عوام کا تحفظ ہماری ریڈ لائن ہے۔ ہم جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس کے اشتراک سے ایک ایسا نظام وضع کر رہے ہیں جہاں مجرم کو بچنے کا کوئی راستہ نہیں ملے گا۔

ٹیگز: