لاہور: وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے عوامی اعتماد کا مظہر قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر عوام نے نواز شریف کی قیادت اور مریم نواز کی کارکردگی کو واضح طور پر سراہا ہے۔ ان کے مطابق پنجاب کے مختلف حلقوں میں لیگی امیدواروں کی بھاری اکثریت اس بات کی دلیل ہے کہ لوگ صوبائی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق عوام نے ووٹ ان منصوبوں کی بنیاد پر دیا جن میں مفت ادویات کی فراہمی، گھروں تک انسولین پہنچانے کا نظام، ہیلتھ کلینکس اور بی ایچ یوز کی بہتری، فیلڈ ہسپتالوں کا قیام، فری ٹریکٹر اسکیم، سپر سیڈر کی فراہمی، ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن اور کسان کارڈ شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی نے نتائج پر گہرا اثر ڈالا ہے، جبکہ ہری پور میں بابر نواز کی فتح نے ’’جعلی تبدیلی‘‘ کے بیانیے کو مکمل طور پر ناکام کر دیا ہے۔