لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب نے جیلوں کے نظام میں انقلابی تبدیلیوں کا حکم دیتے ہوئے جیل عملے کو قیدیوں اور ملاقاتیوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی سخت ہدایت جاری کر دی ہے۔ نئے احکامات کے تحت اب پولیس کی طرز پر جیل ملازمین بھی ملاقاتیوں کو "آپ" اور "جناب" کہہ کر پکاریں گے۔
جیل ملازمین اب ملاقات کے لیے آنے والے شہریوں سے بدتمیزی کے بجائے عزت و احترام سے بات کرنے کے پابند ہوں گے۔وزیر اعلیٰ نے واضح کیا ہے کہ اسیران کے ساتھ کسی بھی قسم کا ناروا سلوک یا جسمانی تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔ قیدیوں کی آمد سے رہائی تک ان کے ساتھ انسانی رویہ برقرار رکھا جائے گا۔ جیل کے تمام شعبہ جات میں پرانے روایتی اہلکاروں کے بجائے پڑھے لکھے اور جدید تربیت یافتہ اہلکار تعینات کیے جائیں گے جو نفسیاتی اور اخلاقی طور پر بہتر رہنمائی کر سکیں۔
ان اقدامات کا مقصد جیلوں کو سزا گاہوں کے بجائے اصلاحی مراکز میں تبدیل کرنا ہے تاکہ قیدی رہا ہونے کے بعد معاشرے کے کارآمد شہری بن سکیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے متعلقہ حکام کو ان ہدایات پر فوری عمل درآمد یقینی بنانے اور خلاف ورزی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا حکم بھی دیا ہے۔