لاہور: پنجاب بھر میں انسانی زندگیوں کے تحفظ کے لیے "ہیلمٹ مہم" کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب کی خصوصی ہدایات پر ٹریفک پولیس نے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔
رواں ماہ کے دوران اب تک ہیلمٹ کی پابندی نہ کرنے والے 46 ہزار سے زائد افراد کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جا چکی ہے۔قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 2 لاکھ شہریوں کو موقع پر ہی چلان ٹکٹ جاری کیے گئے، جس کا مقصد شہریوں کو حفاظتی اقدامات کی اہمیت کا احساس دلانا ہے۔
مہم کے دوران اب تک مجموعی طور پر 4 لاکھ 22 ہزار موٹر سائیکلوں کو مختلف خلاف ورزیوں، خاص طور پر ہیلمٹ نہ ہونے پر، مختلف تھانوں اور ٹریفک سیکٹرز میں بند کر دیا گیا ہے۔ ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ "ہیلمٹ نہیں تو سفر نہیں" کی پالیسی پر سختی سے عمل درآمد جاری رہے گا اور کسی بھی شہری کو بغیر ہیلمٹ شاہراہوں پر سفر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔