حکومت کا سی سی ڈی (CCD) کو "سپریم ایجنسی" بنانے کا عزم، ایک ہزار نئی بھرتیوں کی منظوری

حکومت کا سی سی ڈی (CCD) کو

لاہور:پنجاب حکومت نے انسدادِ جرائم اور امن و امان کے قیام کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے سی سی ڈی (CCD) کو ایک "سپریم ایجنسی" کے طور پر تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس عزم کی تکمیل اور نفری کی کمی کو دور کرنے کے لیے مختلف اسامیوں پر ایک ہزار نئے افسران اور اہلکاروں کی بھرتی کی جائے گی۔
صوبائی کابینہ نے ایک حالیہ اجلاس میں سی سی ڈی میں ان بھرتیوں کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد ایجنسی کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور اس کی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے تاکہ اسے صوبے کی سب سے طاقتور اور فعال ایجنسی بنایا جا سکے۔
اعداد و شمار کے مطابق سی سی ڈی کی موجودہ صورتحال درج ذیل ہے۔ ایجنسی میں افسران و اہلکاروں کی منظور شدہ کل تعداد 7,486 ہے۔
 نفری کی کمی کو پورا کرنے کے لیے 1,000 مزید اسامیاں پُر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سی سی ڈی کو سپریم ایجنسی بنانے کا مقصد اسے تمام تحقیقاتی اور آپریشنل معاملات میں خود مختاری اور اعلیٰ معیار فراہم کرنا ہے۔ نئی بھرتیوں سے نہ صرف بے روزگار نوجوانوں کو روزگار ملے گا بلکہ ایجنسی کی کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔

ٹیگز: