کرپشن اور اوور چارجنگ کے خاتمے کے لیے بڑا قدم ,پنجاب کے ٹول پلازے ڈیجیٹل کرنے کا فیصلہ

 کرپشن اور اوور چارجنگ کے خاتمے کے لیے بڑا قدم ,پنجاب کے ٹول پلازے ڈیجیٹل کرنے کا فیصلہ

لاہور: محکمہ ہائی وے پنجاب نے صوبے بھر میں ٹریفک مینجمنٹ اور ریونیو سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تمام مینول ٹول پلازوں کو ڈیجیٹل کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ٹول ٹیکس کی وصولی میں شفافیت لانا، کرپشن کا خاتمہ اور مسافروں سے ہونے والی اوور چارجنگ کو روکنا ہے۔
صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیرِ صدارت منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں طے پایا کہ     لاہور سمیت صوبہ بھر کے 41 اہم ٹول پلازوں کو مکمل طور پر ڈیجیٹل سسٹم پر منتقل کیا جائے گا۔    دستی پرچیوں (Manual Slips) کے بجائے الیکٹرانک سسٹم متعارف کرایا جائے گا تاکہ ٹیکس چوری کا سدِباب ہو سکے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ صرف سسٹم ہی نہیں بلکہ ٹول پلازوں کے انفراسٹرکچر (تعمیراتی ڈھانچے) کو بھی جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس منصوبے سے نہ صرف سرکاری خزانے میں اضافے کی توقع ہے بلکہ عوام کو بھی سفر کے دوران ہراساں کیے جانے یا اضافی رقم کے مطالبے سے نجات ملے گی۔
صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹلائزیشن سے ٹول کلیکشن کا تمام ڈیٹا براہِ راست مرکزی مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک ہوگا، جس سے انسانی مداخلت کم سے کم ہو جائے گی اور جوابدہی کا عمل بہتر ہوگا۔

ٹیگز: