لاہور :ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر لاہور کے مختلف علاقوں میں ملاوٹ مافیا کے خلاف بڑا آپریشن کیا گیا ہے، جس کے دوران 3 ہزار 75 کلو گرام بیمار و مردہ مرغیاں اور 2 من سے زائد زائد المیعاد (ایکسپائر) اشیا تلف کر دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے ٹولنٹن مارکیٹ اور پیکو روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے 31 فوڈ یونٹس، چکن شاپس، گوداموں اور سپلائرز کی چیکنگ کی۔ اس دوران ایک گودام سے بڑی مقدار میں ایکسپائر کارن فلور، مصالحے اور مصنوعی ذائقے برآمد ہونے پر جعلسازی کا مقدمہ درج کروا دیا گیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ شہریوں کو معیاری خوراک کی فراہمی ہمارا عزم ہے۔ آپریشن کے دوران سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے والی دکانوں کو 2 لاکھ 83 ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔