پنجابی زبان کے فروغ اور صوبائی ترقی کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز کے انقلابی اقدامات

پنجابی زبان کے فروغ اور صوبائی ترقی کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز کے انقلابی اقدامات

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں پنجابی زبان کو تعلیم، ثقافت اور عوامی زندگی میں نمایاں مقام دلانے کے لیے تاریخی اقدامات کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں مختلف محکموں کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ایجوکیشن، ماحولیات، جنگلات، وائلڈ لائف، فشریز، ٹورازم، آرکیالوجی، سپورٹس اور لیبر سمیت تمام شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ محنت کشوں کے لیے خوشخبری دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جھنگ اور کمالیہ میں 20 ہزار ورکرز کو 3 مرلے کے پلاٹ فراہم کرنے کا منصوبہ تیار ہے، جبکہ ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ اسکیم کے تحت خصوصی قرضے بھی دیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی اور پنجاب بھر کے راستوں، ریلوے ٹریکس، سڑکوں اور نہروں کے کناروں پر شجرکاری کے پروگرام میں تیزی لانے کا حکم دیا۔ انہوں نے جنگلات کی حفاظت کے لیے جدید فائر الارمنگ سسٹم نصب کرنے کا اعلان کیا، جو آگ لگنے سے 20 منٹ پہلے الرٹ جاری کرے گا۔ ساتھ ہی غیر قانونی درخت کاٹنے کی روک تھام کے لیے اسپیشل سینسنگ سسٹم کے نفاذ کی بھی منظوری دی گئی۔

کھیلوں کے فروغ کے لیے وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں ہر ماہ چیمپئن شپ ایونٹس کے انعقاد کی ہدایت کی۔ شریمپ فارمنگ کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ کروڑوں روپے مالیت کے جھینگے کامیابی سے ایکسپورٹ کیے جا چکے ہیں، جبکہ 5 ہزار ایکڑ پر نئے فارم فروری 2026 سے شروع ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے 50 ہزار ایکڑ پر شریمپ فارمنگ کے ممکنہ توسیعی منصوبے کی فزیبلٹی بھی طلب کر لی۔

سیاحت کے شعبے میں ’’میگنی فیشنٹ پنجاب‘‘ ایپ متعارف کروانے کا اعلان کیا گیا، جو سیاحوں کو معلومات، رہنمائی اور سہولیات فراہم کرے گی۔ مریم نواز نے صوبے کی ہر ٹورسٹ سائٹ کے لیے مکمل پیکج پلان ترتیب دینے کی ہدایت بھی دی۔ اس کے علاوہ صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے صوبے بھر میں اسکول گراؤنڈز شام کے وقت عوام کے لیے کھولنے کے اقدامات کی منظوری دی گئی۔

ٹیکنالوجی کی ترویج کے لیے وزیراعلیٰ نے پرائیویٹ یونیورسٹیوں اور کالجز میں لیپ ٹاپ کوٹہ مختص کرنے کی تجاویز طلب کیں اور یو ای ٹی میں مقامی سطح پر تیار کردہ سموگ گن پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے لاہور میں ’’ایجوکیشن آن ویل‘‘ پائلٹ پراجیکٹ کے فوری آغاز کی بھی منظوری دے دی۔

ٹیگز: