لاہور : لیسکو نے بجلی چوروں کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے مصطفیٰ ٹاؤن کے علاقے میں رات گئے کارروائی کی، جہاں دو ٹیوب ویلز کو غیر قانونی طور پر بجلی استعمال کرتے ہوئے پایا گیا۔سی ای او لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کے وژن کے مطابق، ایس ای سنٹرل سرکل جمشید زمان کی نگرانی میں ایکس ای این شاہ پور ثناء ایم گجر اور ایس ڈی او مصطفیٰ ٹاؤن مشہود احمد نے میٹر انسپکٹر مختار احمد کے ساتھ چھاپہ مارا۔ایک ٹیوب ویل بجلی کی مین لائن سے براہِ راست کنکشن لگا کر چلایا جا رہا تھا، جس پر 100 ایمپیئر کا بھاری لوڈ موجود تھا۔ دوسرا ٹیوب ویل ٹیمپرڈ میٹر کے ذریعے چلایا جا رہا تھا جسے 'ڈیڈ سٹاپ' کر دیا گیا تھا۔




لیسکو حکام نے موقع سے بجلی کے میٹرز اور کیبلز قبضے میں لے کر تھانہ مصطفیٰ ٹاؤن میں ایف آئی آر درج کروانے کے لیے درخواست دے دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے ذریعے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں سے واجبات کی وصولی کے لیے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔