لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور کے بڑے روڈز کو ٹریفک کے حوالے سے مثالی بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر اصلاحات کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی زیرِ صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں شہر کی ٹریفک کی روانی اور ڈسپلن کو بہتر بنانے کے لیے سخت اقدامات کی منظوری دی گئی ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب سڑکوں پر من مانی کرنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ زگ زیگ ڈرائیونگ پر پابندی: موٹر سائیکل کو خطرناک انداز (زگ زیگ) میں چلانے پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔ ایسی صورت میں موٹر سائیکل تین دن کے لیے تھانے میں بند کر دی جائے گی۔
لین، لائن ڈسپلن، روڈ سائیڈ غیر قانونی پارکنگ اور ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ٹریفک پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ موبائل گاڑیوں پر لگے کیمروں کی مدد سے لین اور لائن کی پابندی کی نگرانی کریں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کو ٹریفک کے مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ دورانِ اجلاس انہوں نے درج ذیل اہداف مقرر کیے۔وزیراعلیٰ نے چیف ٹریفک آفیسر (CTO) لاہور کو شہر کی ٹریفک میں نمایاں بہتری لانے کا ہدف دے دیا ہے۔ شہر کی بڑی شاہراہوں کو پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر ماڈل روڈز میں تبدیل کیا جائے گا جہاں انٹرنیشنل ٹریفک اسٹینڈرڈز نافذ ہوں گے۔
انسانی مداخلت کم کرنے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور موبائل کیمروں کے ذریعے ای چالاننگ کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے گا۔