لاہور : پنجاب کی موجودہ صورتحال اور ہمسایہ ملک کی جانب سے دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے حالیہ خطرات کے پیش نظر، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران آئی جی پنجاب نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور امن کی فضا کو برقرار رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کے مطابق درج ذیل اقدامات پر فوری عملدرآمد کا حکم دیا گیا ہے۔ چینی باشندوں، سکھ یاتریوں اور دیگر غیر ملکی سیاحوں کی سکیورٹی کے حصار کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
مساجد، امام بارگاہوں اور مزارات پر پولیس کے اضافی دستے تعینات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اہم سرکاری عمارات، حساس مقامات اور بڑی مارکیٹوں میں چیکنگ کا نظام مزید سخت کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے تناظر میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے پولیس افسران کو فیلڈ میں متحرک رہنے اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔