لاہور : لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی کمرشل عمارتوں اور ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایک بڑا آپریشن کرتے ہوئے مجموعی طور پر 93 املاک کو سربمہر (سیل) کر دیا ہے۔ایل ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیموں نے ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ کی زیرِ نگرانی شہر کے مختلف حصوں میں کارروائیاں کیں، جن میں درج ذیل علاقے گلبرگ اور نیو گارڈن ٹاؤن، مسلم ٹاؤن اور علامہ اقبال ٹاؤن، سبزہ زار شامل تھے۔
ایل ڈی اے حکام کے مطابق یہ کارروائیاں نقشے کی خلاف ورزی اور غیر قانونی کمرشل استعمال پر کی گئیں۔ آپریشن کے دوران جوہر ٹاؤن میں سب سے زیادہ 16 املاک کو سیل کیا گیا۔ پنجاب گورنمنٹ ایمپلائز سوسائٹی میں 15 املاک کو غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں پر سربمہر کیا گیا۔ دیگر علاقوں میں بھی درجنوں دکانوں، دفاتر اور کمرشل مراکز کو سیل کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایل ڈی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کنٹرولڈ ایریا میں کسی بھی غیر قانونی تعمیرات یا رہائشی پلاٹوں کے کمرشل استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شہریوں کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی تعمیر سے قبل ایل ڈی اے سے باقاعدہ منظوری حاصل کریں، بصورتِ دیگر بلا امتیاز آپریشن جاری رہے گا۔