لاہور: شہر میں فضائی معیار کا انڈیکس 189 ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ مقامی آلودگی پر قابو پانے کے لیے حکومت کی جانب سے مربوط ملٹی سیکٹورل اقدامات جاری ہیں۔ تمام متعلقہ محکمے مکمل طور پر الرٹ ہیں اور آلودگی کے ذرائع کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق بھٹوں سے سفید اور صاف دھواں خارج ہونے کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، جبکہ اسموگ کنٹرول روم چوبیس گھنٹے فعال ہے۔ جدید ڈرونز اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے آلودگی پھیلانے والے عناصر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عوامی تعاون، سخت انفورسمنٹ اور مربوط ایکشن پلان کے تحت حکومت کی کوشش ہے کہ پورا سال فضائی معیار کو بہتر سطح پر برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹوں، صنعتی یونٹس اور گاڑیوں کے اخراج پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔
قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے، بندشیں اور فوری اصلاحی اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں، جبکہ ماحولیاتی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں اور آلودگی کے خاتمے کے لیے مسلسل چیکنگ اور نگرانی جاری ہے۔