پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے چناب اور جہلم میں سیلاب کی وارننگ جاری کر دی

پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے چناب اور جہلم میں سیلاب کی وارننگ جاری کر دی

لاہور:پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے دریائے چناب اور جہلم کے ساتھ ساتھ ان سے ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب کی وارننگ جاری کی ہے۔ 28 سے 31 جولائی تک دونوں دریاؤں میں پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے، جس کے باعث نچلے سے درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔


پی ڈی ایم اے نے راولپنڈی، گجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے کمشنرز کو الرٹ کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ گجرات، جہلم، منڈی بہاوالدین، سرگودھا، خوشاب، جھنگ، خانیوال، ملتان، کوٹ ادو، مظفرگڑھ، سیالکوٹ، گجرانوالہ، حافظ آباد اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی فوری طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ان محکموں میں لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو اسٹاک، محکمہ ٹرانسپورٹ اور واسا شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام انتظامات پیشگی مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جا سکیں۔

ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو ہائی الرٹ رکھا جائے گا اور ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملہ کو مکمل طور پر تیار رکھا جائے گا۔ عوام کو آگاہ کرنے کے لیے پی ڈی ایم اے کی ہدایات پر عمل کیا جائے گا۔

پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور سیلاب کی ممکنہ صورتحال میں ہنگامی انخلاء کے لیے انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں موجود مکانات اور مویشیوں کا انخلاء بھی یقینی بنایا جائے گا۔

ایمرجنسی کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری طور پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ حکومت پنجاب آپ کے مال مویشیوں کا مکمل خیال رکھے گی اور ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

ٹیگز: