لاہور: انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) پنجاب عبدالکریم نے صوبے بھر میں پتنگ بازی کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپناتے ہوئے دوٹوک اعلان کیا ہے کہ پنجاب میں کسی بھی جگہ پتنگ بازی قابلِ برداشت نہیں ہوگی۔ انہوں نے پولیس حکام کو حکم دیا ہے کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔
آئی جی پنجاب نے خصوصی طور پر دھاتی ڈور اور پتنگوں کی خرید و فروخت کے جدید طریقوں پر نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا پتنگوں اور قاتل ڈور کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کو ٹریس کر کے قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ڈور بنانے والی فیکٹریوں اور گوداموں پر چھاپے مار کر ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے۔
عبدالکریم نے معاشرے کے تمام طبقات سے اس خونی کھیل کے خاتمے کے لیے تعاون کی اپیل کی ہے . آئی جی پنجاب نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں اس جان لیوا کھیل سے دور رکھیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایک ذمہ دار پاکستانی ہونے کا ثبوت دیں اور کہیں بھی پتنگ بازی یا اس کی فروخت ہوتے دیکھیں تو فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔
آئی جی پنجاب نے واضح کیا کہ جس علاقے میں پتنگ بازی کی وجہ سے کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا، وہاں کے متعلقہ پولیس افسران کے خلاف بھی سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو فیلڈ میں متحرک رہنے کی ہدایت کی ہے۔