لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے اپنے ایک سخت ردعمل میں کہا ہے کہ پاکستان مئی 2025 کے بعد ایک نئے عالمی مقام پر فائز ہو چکا ہے، جبکہ کچھ شرپسند عناصر اپنی سیاست بچانے کے لیے ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں۔وزیر اطلاعات نے حکومت کی سفارتی کامیابیوں کا نقشہ کھینچتے ہوئے کہا تمام عالمی قوتیں اب یہ تسلیم کر رہی ہیں کہ پاکستان خطے کی ایک بڑی اور ناگزیر طاقت ہے۔
غیر ملکی صدور اور وزرائے اعظم کے دوروں اور وزیراعظم شہباز شریف کی بین الاقوامی ملاقاتوں نے پاکستان کو تنہائی سے نکال دیا ہے۔ حکومت کی انتھک محنت کے باعث پاکستان کا GSP+ اسٹیٹس 2027 تک برقرار رہے گا، جو ملکی تجارت کے لیے ایک سنگ میل ہے۔
عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی کے حالیہ اقدامات کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا زلفی بخاری جیسے لوگ بیرون ملک بیٹھ کر پاکستان کے خلاف سرگرم ہیں اور ملک کے تجارتی مفادات (GSP Status) کو متنازع بنا رہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کی عید کے موقع پر قاسم خان سے 30 منٹ تک فون پر خصوصی گفتگو کرائی گئی، جو کئی سوالات کو جنم دیتی ہے۔ پی ٹی آئی کے آفیشل پیجز پر براہِ راست اشتعال انگیز تقاریر دکھا کر ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ جس شخص کو قوم نے سر آنکھوں پر بٹھایا، آج وہی اور اس کے حواری خود کو پاکستان سے مقدم سمجھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک 'ڈیل' کے حصول کے لیے ملک کے خلاف جانے والوں کو عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔