ملک کے بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم کی پیشگوئی

 ملک کے بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم کی پیشگوئی

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں خاص طور پر صبح اور رات کے اوقات میں دھند پڑنے کی توقع ہے، جو کہ شہریوں کے لیے چیلنج بن سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے اس بات کا بھی عندیہ دیا ہے کہ اگلے چند روز میں شمالی علاقوں میں دن اور رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی آ سکتی ہے۔ اسکردو میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو شدید سردی کی علامت ہے۔

پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند کی شدت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے، جس سے سڑکوں پر نظر آنا مشکل ہو سکتا ہے، خاص طور پر صبح اور رات کے اوقات میں۔

دوسری جانب، بلوچستان میں دسمبر کے مہینے میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے 6 سے 10 دسمبر کے دوران مغربی ہواؤں کے طاقتور سلسلے کے بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے، جس سے پورے مہینے بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔

بلوچستان کے مختلف اضلاع جیسے ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، سبی، لسبیلہ، آواران، کیچ، گوادر، پنجگور، خضدار، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، واشک اور مستونگ میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں، جن میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارشیں اور بالائی علاقوں میں برف باری کا امکان بھی ہے۔

ٹیگز: