39 تحصیلوں میں نئی فائر گاڑیاں فراہم، تمام تحصیلوں تک فائر ریسکیو سروسز کی توسیع کی منظوری ہوچکی: عظمیٰ بخاری

39 تحصیلوں میں نئی فائر گاڑیاں فراہم، تمام تحصیلوں تک فائر ریسکیو سروسز کی توسیع کی منظوری ہوچکی: عظمیٰ بخاری

لاہور؛وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ریسکیو سروسز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ پنجاب کی 39 تحصیلوں میں 39 نئی فائر گاڑیاں فراہم کر دی گئی ہیں۔

عظمیٰ بخاری کے مطابق منصوبے کے تحت 273 فائر فائٹرز اور 156 ڈرائیورز بھی تعینات کیے جائیں گے، جبکہ پنجاب کی تمام تحصیلوں تک فائر ریسکیو سروسز کی توسیع کی منظوری دی جا چکی ہے۔

وزیراطلاعات پنجاب نے بتایا کہ منصوبے کا مقصد تحصیل کی سطح پر آتشزدگی کے واقعات میں بروقت امدادی کارروائی اور مؤثر آگ بجھانے کی سہولت یقینی بنانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب ریسکیو سروس نے اب تک 2 لاکھ 97 ہزار 338 سے زائد آتشزدگی کے واقعات میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے جدید اور پیشہ ورانہ فائر فائٹنگ کے ذریعے 794 ارب روپے سے زائد کے ممکنہ نقصانات سے بچاؤ یقینی بنایا۔

عظمیٰ بخاری کے مطابق پنجاب کے تمام ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں لائف سیور اور بنیادی فائر فائٹنگ کی تربیت بھی دی گئی ہے، جبکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موک ایکسرسائزز کا انعقاد بھی کیا گیا۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ہسپتالوں میں آتشزدگی سے بچاؤ کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے، جس پر عملدرآمد بھی جاری ہے۔

ٹیگز: