لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کسان دوست پالیسیاں رنگ لے آئیں۔ پنجاب کے آلو کے کاشتکاروں کے لیے عید سے پہلے عید کا سماں، اب فصل کوڑیوں کے بھاؤ نہیں بلکہ بین الاقوامی منڈیوں میں مہنگے داموں فروخت ہوگی۔ حکومت پنجاب نے 5 لاکھ ٹن سے زائد آلو کی برآمد (Export) کے بڑے آرڈرز حاصل کر لیے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرِ صدارت منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں زراعت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں کیے گئے بڑے فیصلوں کا مقصد کسان کو روایتی طریقوں سے نکال کر جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کروانا ہے تاکہ پیداوار میں اضافہ اور اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔پنجاب کا آلو اب خلیجی ممالک اور دیگر بین الاقوامی مارکیٹوں کی زینت بنے گا۔
برآمدی آرڈرز کی بدولت مقامی مارکیٹ میں آلو کی قیمتیں مستحکم ہوں گی، جس کا براہ راست فائدہ چھوٹے کاشتکار کو ہوگا۔ 5 لاکھ ٹن کی برآمد سے ملک میں کثیر زرِ مبادلہ آئے گا اور زراعت سے وابستہ افراد کی معاشی حالت بہتر ہوگی۔