لاہور : لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (LESCO) نے بجلی کے نظام میں بہتری اور افرادی قوت کے درست استعمال کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے تمام آپریشنل سٹاف کو دفاتر سے نکال کر دوبارہ فیلڈ میں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ لائن سٹاف جو طویل عرصے سے دفاتر میں بیٹھ کر 'ڈیسک جاب' کر رہا تھا، انہیں فوری طور پر اپنی اصل فیلڈ ڈیوٹی پر رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
میٹر ریڈنگ اور لائن سٹاف کی مختلف دفاتر میں کی گئی 'اٹیچمنٹ' فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہے۔میٹر ریڈنگ سٹاف کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی اصل جاب ڈسکرپشن کے مطابق صرف میٹر ریڈنگ اور فیلڈ کے فرائض انجام دیں تاکہ ریڈنگ کے عمل میں شفافیت آئے۔
اس فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کے لیے تمام آپریشن سرکلز، جی ایس او (GSO) اور کنسٹرکشن سرکلز کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔انتظامیہ کا ماننا ہے کہ لائن سٹاف کی فیلڈ میں واپسی سے بجلی کے فنی خرابیوں (Faults) کو دور کرنے میں تیزی آئے گی، جبکہ میٹر ریڈرز کے فیلڈ میں متحرک ہونے سے اوور بلنگ کی شکایات میں کمی اور بجلی چوری کی روک تھام میں مدد ملے گی۔