لاہور میں ’ٹوپی گینگ‘ کا راج: شاہدرہ کے بعد رائیونڈ میں بھی واردات، اسلحہ کے زور پر میڈیکل سٹور لوٹ لیا

لاہور میں ’ٹوپی گینگ‘ کا راج: شاہدرہ کے بعد رائیونڈ میں بھی واردات، اسلحہ کے زور پر میڈیکل سٹور لوٹ لیا

لاہور: شہرِ لاہور میں ماہِ رمضان کا دوسرا عشرہ قریب آتے ہی سٹریٹ کرمنلز بے لگام ہو گئے۔ شاہدرہ ٹاؤن کے بعد اب رائیونڈ سٹی میں بھی خطرناک ’ٹوپی گینگ‘ متحرک ہو گیا ہے، جس نے پولیس کے سکیورٹی دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔
ذرائع کے مطابق رائیونڈ سٹی کے علاقے میں ٹوپی گینگ کے رکن نے ایک مصروف میڈیکل سٹور کو نشانہ بنایا۔ مسلح ملزم نے سٹور میں داخل ہو کر عملے کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنایا اور ہزاروں روپے کی نقدی و دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گیا۔ واردات کے دوران ملزم نے شناخت چھپانے کے لیے ٹوپی کا استعمال کر رکھا تھا، جو اس گینگ کی مخصوص نشانی بن چکی ہے۔
رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں نان سٹاپ وارداتوں نے شہریوں اور تاجر برادری میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ پولیس گشت نہ ہونے کے برابر ہے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹوپی گینگ کے کارندے اب پوش علاقوں کے بجائے گنجان آباد علاقوں میں سر عام لوٹ مار کر رہے ہیں۔
پولیس نے میڈیکل سٹور کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے، تاہم اب تک کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

ٹیگز: