سرگودھا: صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق صوبے بھر میں صحت کی اصلاحات اور طبی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔
وزیر صحت نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی تعمیراتی کاموں میں معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ سرگودھا اور گرد و نواح کے عوام کو دل کے امراض کے علاج کے لیے اب بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ جدید ترین طبی آلات اور ماہر عملے کی تعیناتی کو بروقت یقینی بنایا جائے۔
خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کا عزم ہے کہ پنجاب کے ہر ضلع میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال قائم کیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم صحت کے شعبے میں ایسی اصلاحات لا رہے ہیں جن سے عام آدمی کو اس کی دہلیز پر علاج کی بہترین سہولیات میسر ہوں۔ سرگودھا کا یہ انسٹی ٹیوٹ خطے کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔وزیر صحت نے انتظامیہ اور انجینئرز کو واضح کیا کہ منصوبے کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو فی الفور دور کیا جائے تاکہ اس میگا پراجیکٹ کا افتتاح جلد از جلد ممکن ہو سکے اور مریضوں کو ریلیف ملنا شروع ہو۔