لاہور: سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے جامع سکیورٹی انتظامات کیے، جن میں ایک لاکھ 24 ہزار اہلکاروں نے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کر رہی ہے، جبکہ اسموگ کے خاتمے کے لیے بھی مؤثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ ان کے مطابق صوبے میں کلین ایئر پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبے کی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے کام کر رہی ہیں، جبکہ صحت کے شعبے کی بہتری بھی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی میں کٹوتی کی تحاریک کو سیاسی تقاریر کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود ذاتیات سے گریز اور مہذب طرزِ گفتگو کو فروغ دینا چاہیے۔